بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی طبیعت انتہائی ناساز ہے۔فائل فوٹو
بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی طبیعت انتہائی ناساز ہے۔فائل فوٹو

پاکستانی عوام اور مسلم امہ کشمیریوں کی مدد کے لیے آئیں۔علی گیلانی

حریت رہنما سید علی گیلانی نے پاکستانی عوام اور مسلم امہ سے کشمیریوں کی مدد کے لیے فوری طور پر میدان عمل میں آنے کی اپیل کی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنےکھلے خط میں کشمیری عوام کوحوصلے بلند رکھنے اور جدوجہد آزادی کشمیرکو تیزکرنے کی نصیحت کی ہے۔

حریت رہنما علی گیلانی نے خصوصی طورپرپاکستانی عوام اور  مسلم امہ سے کشمیریوں کی مدد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے آگے آئیں اوراپنا کردارادا کریں اورایسا نہ کیا گیا تو نہ تاریخ اورنہ ہی آنے والی نسلیں آپ کو معاف کریں گی۔

حریت رہنما نے مزید کہا کہ کشمیر سے باہر مقیم کشمیری دنیا کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی جارحیت اور مسلمانوں کی نسل کشی آگاہ سے کریں۔ یہ آپ لوگوں کی اولین ذمے داری بنتی ہے کہ اپنے بھائی بہنوں کی مدد کے لیے آگے آئیں اور ان کے لیے صدائے احتجاج بلند کریں۔

سیدعلی گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ ہرایک کشمیری بھارت کی ننگی جارحیت کیخلاف گھرسے باہرنکل آئے اور جواں مردی اورہمت کے ساتھ سخت مزاحمت کا مظاہرہ کرے کیوں کہ آزادی کے حصول کے لیے مزاحمت کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں بچا ہے،آزادی کی جنگ مکمل یقین اوراستقامت سے لڑی جائے۔

حریت رہنما نے مزید کہا کہ اتحاد، صداقت، ہمت، صبر، نظم و ضبط اور استقامت ہمارے وہ ہتھیار ہیں جن سے دشمن کے جدید اور خطرناک جنگی ہتھیاروں کو مات دی جاسکتی ہے۔ وادی بھر میں مظاہرے کیے جائیں اور کسی نہ کسی طرح دنیا کو وادی کی اصل صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔

حریت رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت پوری وادی کو جیل بنادیا گیا ہے، تمام حریت اور سیاسی قیادت اسیر یا نظر بند ہے، ذرائع مواصلات معطل ہیں تاکہ دنیا سے بھارتی مظالم کو چھپایا جا سکے۔ اشیائے خورد و نوش کی قلت کے باعث فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد سے آج 21 ویں روز بھی مسلسل کرفیو نافذ ہے جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور معمولات زندگی معطل ہے۔