دمشق میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔فائل فوٹو
دمشق میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے۔فائل فوٹو

اسرائیل کی پڑوسی ممالک کیخلاف جارحیت۔منہ کی کھانی پڑ گئی

اسرائیل نے شامی دارالحکومت دمشق پرمیزائل حملوں کے بعد لبنان میں بھی ڈرون حملے کیے ہیں۔

لبنانی حکام کے مطابق حزب اللہ کا گڑھ سمجھے جانے والے بیروت کے جنوبی علاقے میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایک ڈرون کو مارگرایا گیا جبکہ دوسرے کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق لبنانی فوج نے اسرائیل کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دونوں ڈرونزاسرائیل کے تھے جنہیں تباہ کیا گیا۔

دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہےکہ ایک اسرائیلی ڈرون حزب اللہ کے میڈیا دفترکی عمارت کی چھت پرگرا جس سے تنظیم کا میڈیا سینٹربری طرح متاثرہوا جبکہ دوسراایک قریبی خالی پلاٹ میں گرکرتباہ ہوا۔

گزشتہ شب اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں فضائی حملہ کیا تھا تاہم شامی ائیر ڈیفنس نے زیادہ ترمیزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنادیا تھا۔

شامی سرکاری ٹیلی ویژن نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فضائیہ نے دشمن کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائل کو مار گرایا ہے۔

سیریئن آبزرویٹری کے مطابق دمشق میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 2 کا تعلق حزب اللہ اورایک ایرانی جنگجو شامل ہے تاہم دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ۔

اِدھراسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ ایران کی جانب سے ڈرون حملوں سے بچنے کیلیے شام میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران دھماکا خیزمواد سے لدے ڈرون اسرائیل کے اندر بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا تھا جس کے باعث یہ کارروائی کی گئی۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ دمشق کے جنوب مشرق میں القدس فورس اوردہشت گردی کے اہداف کونشانہ بنایا گیا۔