بھارتی ریاست بہارکے ایک سرکاری کالج میں طالبات پربرقع پہننے پرپابندی عائد کردی گئی ہے جس پر مسلم برادری نے شدید احتجاج بھی کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہارکے شہر پٹنہ میں جے ڈی وومن کالج کی انتظامیہ نے طالبات پر کلاس میں برقع پہن کرآنے پرپابندی عائد کردی، جس پر مسلمانوں اور شہرکے معززین نے شدید احتجاج کیا اور معاملہ سوشل میڈیا تک پہنچا تو کالج انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا۔
کالج انتظامیہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ برقع پہننے پر پابندی غلط فہمی کا نتیجہ تھی، ہم نے ایک ڈریس کوڈ وضع کیا تھا جس کے تحت تمام طالبات کو کالج کے مقررکردہ ڈریس کوڈ کے مطابق آنا ہوگا۔ ڈریس کوڈ کا مقصد کسی مخصوص گروہ کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ طالبات میں یکسانیت پیدا کرنا تھی۔
دوسری جانب طالبات کے والدین نے کالج نوٹس دکھایا جس میں واضح طور پر برقع پہن کر کالج نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر 250 روپے جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی بھی دی گئی تھی تاہم فیصلہ واپس لینے پر والدین نے کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا بھی کیا۔