حکومت کی طرف سے اس سال حج پیکج مہنگا کیے جانے کے بعد اب سعودی حکومت نے بھی عازمین حج پر410 ریال کی اضافی فیس لاگو کردی ہے۔
وزارت حج و مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی حکومت نے عازمین حج پر410 ریال کی اضافی فیس لاگوکردی ہے اور یہ اضافی فیس ویزا اورانشورنس کی مد میں بڑھائی گئی ہے، اب پاکستانی عازمین کو حج پرجانے کے لیے مزید 16 ہزارروپے اضافی ادا کرنا ہونگے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ پاکستانی عازمین حج کو300 ریال ویزہ فیس ادا کرنا ہوگی جب کہ 110 ریال انشورنس کی مد میں ادا کرنا ہوں گے، اضافی فیس اورانشورنش رواں سال حج پیکج میں شامل کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے سعودی حکام سے ویزا فیس اورانشورنس ختم کرنے مطالبہ کیا تھا جسے سعودی حکومت نے مسترد کرتے ہوئے اپنے جواب میں کہا کہ فیس کا اطلاق صرف پاکستان کیلئے نہیں تمام اسلامی ممالک پر کیا گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کا مؤقف ہے کہ اس حوالے سعودی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں، کوشش کررہے ہیں کہ اخراجات میں کمی لائی جاسکے، سعودی حکومت تمام سہولیات پر 5 فیصد ویلیو ایڈیڈ ٹیکس پہلے سے ہی وصول کررہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سال سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے عازمین کے لئے پہلے ہی 5 لاکھ روپے تک جاپہنچا ہے جب کہ بعض نجی ٹوورآپریٹرزکی طرف سے حکومت کے مقابلے میں سستے حج پیکج کی آفرکی گئی ہے۔