یہ اسکالر شپ تمام پاکستانی طلبہ کے لیے ہے۔فائل فوٹو
یہ اسکالر شپ تمام پاکستانی طلبہ کے لیے ہے۔فائل فوٹو

چینی،آٹا مہنگا ہونا حکومت کی کوتاہی ہے۔وزیراعظم کا اعتراف

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چینی اورآٹا جو مہنگا ہوا ہے اس میں ہماری کوتاہی ہے۔ جانتے ہیں کس نے مہنگائی کر کے فائدہ اٹھایا ہے۔ سب پتہ چل گیا ہے۔دنوں میں نہیں، مہینوں اورسالوں میں پاکستان تبدیل ہو گا۔ سسٹم بھی تبدیل ہو گا۔ عدل اورانصاف ملے گا۔ قانون کی حکمرانی ہوگی۔

صحت سہولت کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کبھی ایشین ٹائیگر بنانے کا نہیں کہا تھا۔ میں نے کہا تھا مدینہ کی ریاست کے اصول اپنائیں گے۔ مدینہ کی ریاست کا اصول ریاست کمزورطبقے کی ذمہ داری ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب اللہ کی مخلوق کی خدمت کرتے ہیں تو زندگی بدل جاتی ہے، میوہسپتال میں کینسرکے مریض کی مایوسی کودیکھ کرشوکت خانم بنایا، میوہسپتال میں غریب آدمی کودیکھ کرشوکت خانم بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ غریب لوگ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کرواتے ہیں جبکہ زیادہ مالدار لوگ اپنے علاج کے لیے لندن چلے جاتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو آج ہیلتھ کارڈ تقسیم کیے گئے ہیں، پورے پنجاب میں 72 لاکھ لوگوں کو صحت کارڈ ملیں گے، یہ سفر مدینہ کی ریاست کے اصولوں کا سفر ہے۔ ہر سال غریبوں کو سہولتیں دیں گے۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام میں ہیلتھ کارڈ سسٹم کی وجہ سے دو تہائی اکثریت ملی۔ تین چار سال تک مدینہ کی ریاست کو بھی مشکلات تھی۔ ہم نے سب سے پہلے کمزور طبقے کو اٹھانا ہے۔ ہم فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

تقریب کے دوران مہنگائی کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ روپیہ جب بھی گرے گا تو باہر سے چیزیں منگوائیں گے تو اشیائے خورو نوش مہنگی ہوں گی۔ ہماری حکومت آئی تو تجارتی خسارہ بہت زیادہ تھا۔ حکومت ملی تو 60 ارب ڈالر کی چیزیں درآمد کر رہے تھے۔ اسی وجہ سے روپیہ گرا۔ اسی وجہ سے جو چیزیں باہر آئیں اس وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کھانے پینے کی جو چیزیں مہنگی ہوئی ہیں، چینی اور آٹا جو مہنگا ہوا ہے اس میں ہماری کوتاہی ہے۔ اس پر پوری تحقیق ہو رہی ہے۔ جانتے ہیں کس نے مہنگائی کر کے فائدہ اٹھایا ہے۔ سب پتہ چل گیا ہے۔ مہنگائی کر کے پیسہ بنانے والوں کو چھوڑیں گے نہیں۔ سسٹم ایسا بنائیں گے جس سے پتہ چل سکے کس چیزکس وقت ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ پاکستان عظیم ملک بنے گا۔ اللہ نے ملک کو بہت ساری نعمتیں دی ہیں، اقتدار میں آنے سے پہلے مجھے نہیں پتہ تھا۔ مہینوں اور سالوں میں پاکستان تبدیل ہو گا۔ سسٹم بھی تبدیل ہو گا۔ عدل اور انصاف ملے گا۔ قانون کی حکمرانی ہو گی۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملتان کارڈیالوجی کی توسیع کی جارہی ہے۔ مظفرگڑھ میں طیب اردوان ہسپتال آخری مراحل میں ہے، راجن پور،لیہ،سیالکوٹ،بہاولپورمدراینڈ چائلڈ ہسپتال تعمیرکیے جائیں گے۔ گوجرانوالہ میں چلڈرن ہسپتال بھی بنایا جارہا ہے، 375ایمبولینس کے لیے فنڈزجاری کیے جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہورمیں پی آئی سی ٹوبنایا جارہا ہے، پی آئی سی ٹو لاہورمیں چالیس سال بعد بنایا جارہا ہے، محکمہ صحت میں مالی مشکلات کے باوجود 28 ہزارلوگوں کوبھرتی کیا گیا۔ صحت کارڈ سے پنجاب کے 36اضلاع کومفت علاج کی سہولت میسرہوگی۔

سردارعثمان بزدارکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اہل پنجاب کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ اشیائے خورونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پرلاہور پہنچے جہاں ان سے وزیراعلی پنجاب نے ملاقات کی جس میں صوبے کی صورتحال پرگفتگو کی گئی۔ وزیراعلی نے عمران خان کو مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اٹھانے جانے والے اقدامات پر وزیراعظم بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف آپریشن تیزکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کو ارزاں نرخوں پراشیا خورونوش کی فراہمی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورزپر15ارب کا پیکج دیا ہے، آٹا اورچینی کی سرکاری قیمتوں پرفراہمی کو یقینی بنایا جائے،اشیا خورونوش کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔