لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدلیہ مخالف تقاریرکرنے پرتوہین عدالت کی درخواست مسترد کردی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پراعتراض ختم کرنے اوراسے قابل سماعت قرار دینے سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔
واضح رہے کہ ایڈووکیٹ محمد فیضان نصیر چوہان اور طاہر مقصود بٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائرکی تھی جس میں موقف اختیارکیا گیا تھا کہ وزیراعظم نے 18 نومبر2019 کی تقریر میں اعلیٰ عدلیہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
عمران خان کی مذکورہ تقریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔ اس لیے عدالت سے قانون کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے۔ رجسٹرار آفس نے درخواست کو مصدقہ نقول لف نہ کرنے کا اعتراض کیا تھا۔