صرف افغان شہری ہی بارڈرکراس کر سکیں گے۔فائل فوٹو
صرف افغان شہری ہی بارڈرکراس کر سکیں گے۔فائل فوٹو

کرونا وائرس کا خدشہ۔بلوچستان میں طبی ایمرجنسی نافذ

کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستانی زائرین کے ایران جانے پر پابندی عائد کر دی گئی، پابندی بلوچستان حکومت نے وائرس کی پاکستان منتقلی کے خطرے کے پیش نظرلگائی۔

بتایا گیا ہے کہ تفتان میں موجود 100کے قریب زائرین کو واپس کوئٹہ بلا لیا گیا ہے، چھپ کر جانے والے زائرین کو روکنے کیلیے خصوصی چیک پوسٹیں قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں۔

دوسری طرف محکمہ صحت نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر پاک ایران سرحدی علاقوں میں طبی ایمرجنسی نافذ کردی گئی جس کے بعد ایران سے پاکستان آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جائے گی۔

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ایران میں کرونا وائرس کے پھیلنے کی اطلاعات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ جام کمال خان نے بتایا کہ ایران سے منسلک اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ وائرس سے بچاؤ، احتیاطی تدابیرکے لیے خصوصی ٹیمیں بنادی گئی ہیں جو تفتان اوردیگرعلاقوں میں تعینات کی گئی ہیں۔

اس حوالے سے محکمہ صحت بلوچستان نے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تفتان میں سینٹر قائم کردیا گیا جس میں 7 ڈاکٹرز ضروری طبی سامان لے کر پہنچ گئے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق طبی عملے کی تربیت کے لیے این آئی ایچ کی ٹیمیں اسلام آباد سے وہاں پہنچ رہی ہیں،جلد ہی تفتان میں پی ڈی ایم اے کی معاونت سے 100 بیڈ پر محیط اسپتال قائم کیا جائے گا، پاک ایران سرحد پر پہلے ہی دو ڈاکٹر تعینات ہیں۔