ملک بھر میں اب تک وائرس سے متاثر23 مریض صحت یاب ہوگئے۔فائل فوٹو
ملک بھر میں اب تک وائرس سے متاثر23 مریض صحت یاب ہوگئے۔فائل فوٹو

پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1286 تک جا پہنچی

پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 73 کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1286 تک جا پہنچی۔

ملک بھر میں اب تک کرونا وائرس سے مجموعی طورپر9 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سے پنجاب میں 3، خیبرپختونخوا میں 3 جبکہ سندھ، بلوچستان اورگلگت بلتستان میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

سندھ میں 440، پنجاب میں 419، خیبر پختونخوا میں 176، بلوچستان میں 131، گلگت بلتستان میں 91، اسلام آباد میں 27 اورآزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں اب تک وائرس سے متاثر23 مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ 7 کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کرونا وائرس سے لاہور میں ایک اور ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں اب تک تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل ایک شخص لاہوراورایک خاتون راولپنڈی میں جاں بحق ہوچکی ہے۔

گزشتہ روز جاں بحق ہونیوالا 75 سالہ شخص لاہورکے علاقے ٹاؤن شپ کا رہائشی تھا اوراس کا سیمپل اس کے گھر میں ہی لیا گیا تھا۔ معمر شخص پہلے ہی متعدد بیماریوں کا شکار تھا۔

پنجاب میں 419 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے، ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں 207، ملتان کے قرنطینہ میں 19، لاہور میں 104، گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، راوالپنڈی میں 14، ملتان ، فیصل آباد ، منڈی بہائوالدین میں3، 3، میانوالی میں 2 جبکہ نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا، اٹک اور بہاولنگر میں ایک، ایک شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

سندھ

سندھ میں آج اب تک کرونا وائرس کے مزید 19 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 440 ہوگئی ہے جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق 11 نئے کیسز کراچی میں سامنے آئے جو لوکل ٹرانسمیشن کے ہیں اور حیدرآباد میں لوکل ٹرانسمیشن کا ایک کیس سامنا آیا جب کہ لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں نئے کیسز کے بعد شہر میں کیسزکی کل تعداد 164 ہوگئی ہے جب کہ حیدرآباد میں 3 کیسز ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق سکھر میں کورونا وائرس میں مبتلا زائرین کی تعداد 265 اورلاڑکانہ میں 7 ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 14 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جن میں سے 13 کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے جب کہ اب تک سندھ میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
کرونا وائرس کے خطرات کے باعث اسلام آباد میں شہزاد ٹاؤن اور رمشا کالونی میں ایک، ایک کورونا وائرس کا کیس سامنے آنے کے بعد دونوں علاقوں کو سیل کردیا گیا۔

جبکہ سرائے عالمگیر میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوگئی، جس کے بعد پورے گاؤں کو سیل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ سپین سے آئے شہری میں کوروناوائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ پولیس اور پاک آرمی نے گاؤں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مصدقہ کیسز کی تعداد 131 ہوگئی ہے جب کہ سرکاری پورٹل پر بھی مجموعی کیسز کی یہی تعداد بتائی گئی ہے اور صوبائی حکومت کے ترجمان نے بھی صوبے میں 131 کیسز کی تصدیق کی ہے۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں کرونا وائرس کے مزید 53 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی ترجمان اجمل وزیر نے پریس کانفرنس میں کی۔

اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے میں وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 176 ہوگئی ہے جب کہ صوبے میں اب تک اموات کی تعداد 3 ہے۔

واضح رہےکہ کے پی کے میں جمعرات کو کورونا وائرس کے 2 مریض صحتیاب ہوگئے جنہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی 7 نئے کیسز مثبت آئے ہیں۔ مشیر اطلاعات گلگت بلتستان شمس میر نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ نئے تمام 7 مریضوں کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے۔

آزاد کشمیر

میرپور آزاد کشمیر ایک اور مریض میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد آزاد کشمیرمیں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ڈپٹی کمشنرطاہر ممتاز کے مطابق 37 سالہ متاثرہ مریض 17 مارچ کو برطانیہ سے آیا تھا اور اسے دو روز قبل قرنطینہ میں منتقل کیا گیا تھا۔