کراچی: ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی پیکج پر سیاست نہ کی جائے تو بہتر ہوگا اس میں 750 ارب سندھ حکومت کا شئیر ہے۔
کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کو کسی اور کے حوالے کرنے کا کوئی سوچ بھی کیسے سکتا ہے، کراچی سندھ کا حصہ ہے، کوئی مذاق تھوڑی ہے، صوبائی حکومت اور سندھ کے ادارے ہی کراچی کو چلائیں گے، حال ہی میں قائم کی گئی کمیٹی کا انتظامی معاملات میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وفاقی حکومت گذشتہ چار پانچ برسوں سے کراچی کو نظرانداز کرتی آ رہی ہے لیکن وفاق کو اب کراچی سے متعلق ذمہ داری اب نبھانی پڑے گی، وزیراعظم کے 2019 میں اعلان کردہ 162 ارب میں سے 162 روپے بھی کراچی کو نہیں ملے، کراچی پیکج پر الزام تراشی سے گریز کرنا چاہئے، وفاقی حکومت کراچی سے متعلق کیے گئے اعلانات کو پایہ تکمیل تک پہنچائے، کراچی پیکج میں 750 ارب سندھ حکومت کا شئیر ہے، کراچی پیکج پر سیاست نہ کی جائے تو بہتر ہو گا۔