اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے درمیانی اور طویل مدت کے منصوبوں کا مقررہ نظام الاوقات کے تحت طے کیا گیا لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں زرعی اصلاحات اور تحفظ خوراک کے پروگراموں میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحفظ خوراک کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے تمام صوبوں اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے وزارت تحفظ خوراک میں فوڈ سکیورٹی ڈیش بورڈ فعال کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے زرعی اجناس کی پروسیسنگ کیلئے اقتصادی زون پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کو بھی کہا۔
چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانے پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین کی تکنیکی مہارت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں اور دیگر متعلقہ محکموں سمیت تمام فریقوں کے درمیان جامع اور مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بڑھتی ہوئی آبادی کے تناظر میں تحفظ خوراک کے چیلنجوں، زرعی اجناس کی پیداوار کی موجودہ صورتحال اور وزیراعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے حوالے سے پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔