صوبائی مشیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں ۔ مایوس اپوزیشن عوام کو ڈھال بنا رہی ہے، ملتان میں قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ پنجاب حکومت اداروں کے لیے ڈیجیٹلائز پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
پنجاب انفارمیشن اکیڈمی کے قیام کے لیے تجویز وزیراعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت جدید سہولتوں سے مزین بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب بنا رہی ہے۔ جدید بس ٹرمینل میں عوام کو سفر سے متعلق تمام سہولتیں فراہم ہوں گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ملتان جلسے میں سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا گیا ،مولانا فضل الرحمان نے ورکرز کو ڈنڈے تقسیم کیے اور انہیں ہدایات دیں کہ پولیس کے ساتھ جھگڑا کرنا ہے۔ قانون کا مذاق اڑا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز راجکماری کی تقریر کے دوران سابق لیگی ایم پی اے کی آتشبازی سے ایک گودام میں آگ لگی، گودام مالک کی مدعیت میں مقدمہ درج ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے جلسے کے دوران ایس اوپیز کی خلاف ورزی کی ان کیخلاف ایف آئی آردرج کرنےکا فیصلہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے 22، پیپلز پارٹی (پی پی) کے 16 اور نامعلوم افراد کے خلاف آیف آئی آر درج کی جائے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مواصلات کا نظام بہتر بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، ٹھوکر نیازبیگ کے قریب جدید سہولتوں سے آراستہ بس ٹرمینل بنایا جائے گا، محکمہ ٹرانسپورٹ کو 10 دسمبر تک بس ٹرمینل کا ڈیزائن پیش کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
جبکہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید ایڈووکیٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ووٹ کو عزت دی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ذاتیات کے بیانیے کو مسترد کردیا۔ امید ہے خالد خورشید گلگت بلتستان کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں گےاور گلگت بلتستان میں وزیراعظم کا ویژن آگے بڑھائیں گے۔