پولیس کو ملزم کی تشہیرکا شوق مہنگا پڑگیا اورملزم نے اہلکاروں کی درگت بنادی۔
لاہورکے علاقے تھانہ شاہدرہ میں حوالات میں بند ملزم نے ایس ایچ کو تشدد کا نشانہ بناڈالاجبکہ ملزم نے ایک اے ایس آئی پر بھی تشدد کیا۔
پولیس کے مطابق لڑائی جھگڑے کا ملزم سعید حوالات میں بند تھا، اے ایس آئی نوید تصویر بنانے گیا تو ملزم نے سلاخوں سے ہاتھ بڑھا کر موبائل فون چھین کراسے دبوچ لیا اورگالیاں دیں۔
اس دوران ایس ایچ اوشاہدرہ آواز سن کر موقع پرآیا اور موبائل واپس مانگاجس پر ملزم نے دوبا ر ہ گالیاں دیں۔جس پر موبائل فون لینے کے لیے حوالات کا دروازہ کھول کر ایس ایچ او اندرگیا تو ملزم نے اسے تھپڑ مارنا شروع کردیے،وردی پھاڑ دی،ایس ایچ او کے ہونٹ پر چوٹ لگی۔
اس دوران تھانے کے اہلکاروں اور نوید اے ایس آئی نے ملزم کو آکر مارا اورایس ایچ او کو حوالات سے باہرنکال لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف کار سرکار میں مداخلت اوراہلکاروں کی یونیفارم پھاڑنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔