شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میران شاہ اور دیگر علاقوں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔فائل فوٹو
شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میران شاہ اور دیگر علاقوں میں عید کے اجتماعات ہوئے۔فائل فوٹو

پاکستان کا وہ علاقہ جہاں آج عید الفطر منائی گئی

شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سعودی عرب سے بھی پہلے آج عید الفطر منائی گئی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق شمالی وزیر ستان کے علاقے حسو خیل میں گزشتہ روز کئی افراد نے شوال کے چاند کی رویت کی گواہی دی تھی جس پرآج شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید الفطر منائی گئی۔ شمالی وزیرستان کے ہیڈ کوارٹر میران شاہ، کم سروبی، میر علی غلام خان، سیدگی، منظر خیل، بویہ لانڈ، اور سید آباد میں نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان میں چاند نظر آنے سے متعلق گواہی دینے والوں اور بدھ کو عید کا اعلان کرنے پر مقامی جامع مسجد کے امام مولانا فقیر نواز سمیت دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے تاہم ابھی تک کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ عام طور پر قبائلی ضم اضلاع اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں عیدین پاکستان کے دیگر علاقوں سے ایک روز قبل منائی جاتی ہیں تاہم اس مرتبہ شمالی وزیرستان کے علاوہ کہیں بھی عید نہیں منائی گئی۔