دونوں کی پارٹنر شپ میں204 رنز بن چکے ہیں۔فائل فوٹو
دونوں کی پارٹنر شپ میں204 رنز بن چکے ہیں۔فائل فوٹو

چٹاگانگ ٹیسٹ۔ میزبان ٹیم نے4 وکٹوں کے نقصان پر253 رنز بنالیے

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے دن کے اختتام پر4 وکٹوں کے نقصان پر253 رنز بنالیے ۔

ٹاس کی جیت بنگالی ٹائیگرز کے حصے میں آئی، کپتان مومن الحق نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ متحارب ٹیمیں چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری کرکٹ اسٹیڈیم میں معرکہ آرا ہیں۔ پہلی اننگز میں بنگلا اوپنرز سیف حسن اور شادمان اسلام کریز پرآئے تاہم شاہین باولر نے انہیں ٹکنے نہ دیا۔ شاہین آفریدی نے شاندار باولنگ کرتے ہوئے  سیف حسن کو کیچ دینے پر مجبورکیا جسے عابد علی نے پکڑا، یوں محض 19 کے مجموعے پر حریف ٹیم کی پہلی وکٹ گرا دی۔

ان کے بعد نجم الحسن اور شادمان اسلام بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور محض 14، 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مومن الحق پرفارمنس دکھائے بغیر شاہین باولر ساجد خان کا نشانہ بنے، وہ 6 رنز سے آگے نہ بڑھے۔

لٹن داس اور مشفق الرحیم نے آ کر ٹیم کو سنبھالا دیا، انہوں نے طویل شراکت داری میں پہلے دن کے اختتام تک مجموعی اسکور 253 تک پہنچا دیا۔ لٹن نے 1 چھکے اور11 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کرتے ہوئے 113 رنز بنائے جبکہ مشفق الرحیم 82 رنز پر ناٹ آوٹ ہیں۔دونوں کی پارٹنر شپ میں204 رنز بن چکے ہیں۔

میچ میں بنگلا دیش کے یاسر علی جبکہ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا، کپتان بابر اعظم نے عبداللہ کو گرین کیپ پہنائی۔