اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ پرعائد کی گئی پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں برمنگھم اولمپکس میں میڈل جیت کر آنے والے اتھلیٹ کی حوصلہ افزائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ گزشتہ حکومت کے دور میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ پرلگائی گئی پابندی ختم کررہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اپنی محنت سے ستاروں پر کمند ڈالی اورکامن ویلتھ گیمز میں کھلاڑیوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایتھلیٹس نے شاندار کارکردگی دکھائی اور یہ کھلاڑیوں کے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ ایتھلیٹس نے سبز ہلالی پرچم اور پوری قوم کا نام روشن کیا اور ملک کا نام روشن کرنے والوں پر قوم کو فخر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنے ایتھلیٹس کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اسپورٹس بورڈ کے حکام کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور امید ہے ہمارے ایتھلیٹس اسی جذبے سے آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہم نے اقدامات کرنے ہیں کیونکہ سیلاب سے بہت سارے لوگ متاثر ہوئے ہیں اور متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے وسائل تلاش کریں گے۔