اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی کال کا بیان گیدڑ بھبکی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان اور وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان! کان کھول کے سن لیں، الیکشن 2023 میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب میں ڈوبے ملک کی حالت دیکھیں،عمران خان زہریلی انا میں ڈوبے ہوئے ہیں،عمران صاحب! لاڈلا بن کر زور زبر دستی کی آپ کو عادت ہو گئی ہے۔
مریم اورنگزیب نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا، پھر آپ چیخیں گے، روئیں گے، عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آ چکا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ عوام کو عمران خان کے فارن ایجنٹ ہونے کا پتہ چل گیا ہے، عوام کو خیرات کے پیسے ذاتی خرچ کیلئے استعمال کرنے والے عمران خان کا پتہ چل گیا ہے۔