سائرہ یوسف کے نام پر جعلی اکاؤنٹ بنانے والا پکڑا گیا

  لاہور(اُمت نیوز)ایف آئی اے نے پاکستان کی معروف اداکارہ و ماڈل سائرہ یوسف کے نام پر جعلی اکائونٹ بناکر اداروں پر تنقید کرنے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم میاں نعیم نے گرفتاری کے بعد اعتراف جرم کر لیا ہے، اکائونٹ کچھ عرصے سے ریاستی اداروں کے خلاف سرگرم تھا۔ ایف آئی اے کی سائبر کرائم برانچ نے ملزم میاں نعیم کو گرفتار کیا ، ملزم نے 2019 سے جعلی اکاونٹ بنا رکھا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم میاں نعیم کا تعلق کامونکی گوجرانوالہ سے ہے۔ایف آئی اے کی جانب سے جاری ویڈیو میں ملزم نے دعوی کیا کہ اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور اس نے یہ اکائونٹ پارٹی میٹنگ میں دی جانے والی ہدایت پر بنایا تھا۔ اہل خانہ نے ملزم نعیم کے عمل پر ندامت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت کارروائی ہوگی جس کے تحت اسے کم از کم 7 سال قید بامشقت ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ سائرہ یوسف آخری مرتبہ آئی ایس پی آر کی پروڈکشن میں بننے والے ڈرامے صنف آہن میں جلوہ گر ہوئی تھیں۔