میکسیوسٹی(امت نیوز) میکسیکو میں شراب خانہ پر مسلح حملہ آور نے اندھادھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق میکسیکو کے ایک بار پر نامعلوم مسلح شخص نے فائرنگ کردی، جس سے 12 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جب کہ ملزم فرار ہوگیا۔ اس کے تعاقب میں پولیس ٹیم روانہ کی گئی تاہم گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔
ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
12 ہلاکتوں کی تصدیق کردی گئی ہے جن میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ تاحال ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی نہ ہی قتل کی واردات کی وجہ کا تعین ہوسکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش جاری ہے جس کی گرفتاری کے بعد قتل کے محرکات کا پتہ چل سکے گا۔
میکسیکو میں بڑی تعداد میں جرائم پیشہ گینگسٹرز متحرک ہیں اور اس قسم کے واقعات اکثر گینگ وار کا شاخسانہ ہوتے ہیں۔
رواں ماہ کے آغاز میں ایک ایسے ہی حملے میں میئر سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔