وزیرآباد:سابق وزیراعظم عمران خان کنٹینرپرفائرنگ کے دوران ٹانگوں پر دو گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
گرفتارملزم نوید کے اہل خانہ کو بھی پولیس نے شامل تفتیش کیاہواہے جوحفاظتی تحویل میں ہیں ، اس صورتحال میں جب ایک نجی ٹی وی چینل کی جانب سے نوید کے محلے داروں سے اس کے بارے میں معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کا کہناتھا کہ نوید کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا اور ہمارے ساتھ تو بس سلام دعا ہی ہوا کرتی تھی ،نہ اس کا کسی بااثر شخصیت کے ساتھ کوئی تعلق تھا ، ہمیں اس کے عمل پر بہت افسوس ہے ، اس نے ہمارے علاقے کی بدنامی کی ہے ۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محلے دارکا کہناتھا کہ اس علاقے میں ن لیگ اورتحریک انصاف دونوں کے ہی سپوٹرز ہیں لیکن اس کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں تھا ، یہ مزدور طبقہ تھا، اس کا بھائی شفیق بھی مزدوری کرتا تھا ، کبھی ان کو کسی سیاسی جلسے میں جاتے نہیں دیکھا ۔
ایک اور محلے دار کا کہناتھا کہ اس کے محلے داروں سے زیادہ تعلقات نہیں تھے،اس کے باہر ہی دوست ہوں گے جن کے ساتھ یہ اٹھتا بیٹھتا تھا، میں نے یہ بھی سنا ہے کہ اس کا مذہبی جماعت ٹی ایل پی کے ساتھ تعلق تھا ۔