کلرسیداں: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا۔سابق ممبر قومی اسمبلی کا روات کے قریب ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام اب لنگوٹ کس لیں میں الیکشن لڑوں گا اور الیکشن کے بعد فیصلہ کروں گا کہ کس جماعت میں شامل ہونا ہے۔چوہدری نثار کا کہنا تھا میں گالم گلوچ کی موجودہ سیاست کا حصہ ہرگز نہیں بننا چاہتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام اپنے لنگوٹ کس لیں اور الیکشن کی تیاری شروع کر دیں۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار خان نے کلرسیداں یونین کونسل تخت پڑی میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کسی قسم کی کرپشن کا کوئی الزام میرے اوپر نہیں، اس کا اعتراف میرے مخالفین بھی کرتے ہیں، آپ لوگ اپنے لنگوٹ کس لیں اورالیکشن کی تیاری شروع کر دیں۔
چوہدری نثار خان جب چوہدری خلیل احمد کی رہائش گاہ پر آئے توپھول کی پتیوں سے استقبال کیا گیا،انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ آپ لوگوں کی محبت ہے آپ دور دراز علاقوں سے تشریف لائے اور میں آپ کے خلوص کو فراموش نہیں کرسکتا،یہ میرا کمال نہیں آپ لوگوں کے ووٹ کی عزت ہے۔