کراچی(امت نیوز)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس کی شاہین فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے مقدمے میں تینوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا
انسداد دہشتگردی کی منتظم عدالت کے روبرو مقدمے کی سماعت ہوئی۔ شارع فیصل پولیس نے گرفتار تین اہلکاروں کو عدالت میں پیش کیا۔
شناخت پریڈ سے پہلے ہی اہلکاروں کو بغیر چہرہ ڈھانپے عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان فیصل، شہریار اور ناصر شاہین فورس میں تعینات ہیں اور اہلکاروں نے پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا۔
تفتیشی افسرکے مطابق ابتدائی تفتیش میں اہلکاروں کا دعویٰ غلط ثابت ہوا۔ مقتول کے لواحقین کے ابتدائی بیان اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہیں۔
تفتیشی افسر نے ملزمان کے سی آر او اور تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
عدالت نے تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو 2 جنوری کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔