میکسیکو: میکسیکو کی واریز جیل پر مسلح افراد کے حملے میں 14 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں، حملہ میکسیکو کے سرحدی شہر واریز کی جیل پر کیا گیا۔
اسٹیٹ پراسیکیوٹر کے مطابق واریز جیل پر ہونے والے حملے میں 10 اہلکاروں سمیت 4 قیدی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 13 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 24 قیدیوں کے فرار ہونے کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔
پراسیکیوٹر نے یہ بھی کہا ہے کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ کس نے کیا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات کے مطابق صبح 7 بجے گاڑیوں میں سوار حملہ آوروں نے جیل میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیل پر حملے کے کچھ دیر بعد ہی واریز کی میونسپل پولیس کے اہلکاروں پر بھی حملہ کیا گیا۔ جس کے بعد پولیس نے 4 افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کی گاڑی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔