کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ملیر میں جماعت اسلامی کے احتجاج کے دوران فائرنگ کرنے والا ملزم عبدالرحیم پولیس حراست سے بھاگ نکلا۔ ملزم کو جماعت اسلامی کے کارکنوں نے تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کیا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی رات شارع فیصل پر جماعت اسلامی کے احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کے مبینہ کارکن عبدالرحیم نے احتجاج کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی ، جسے جماعت کے کارکنوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست بھی کی ،جماعت اسلامی کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ کارکنان جب مقدمہ کرانے پہنچے تو پولیس نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق لاعلمی ظاہر کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ نہ ہم نے کسی کو گرفتار کیا اور نہ ہی ایسا کوئی واقعہ رپورٹ ہوا ہے،جو اہلکار ملزم رحیم کو لے کر آئے تھے انہوں نے بھی واقعہ سے لاعلمی ظاہر کر دی ۔ جماعت کے رہنماؤں نے ایس ایس پی ملیر کو انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شخص کی رہا کرنے والے ایس ایچ او اور اہلکاروں کیخلاف جلد از جلد کارروائی کریں ورنہ آج تھانے کا گھیراؤ کیا جائیگا۔