کراچی : بن قاسم میں بیرون ملک سے آنیوالا قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بیرون ملک سے وطن آنے والے شہری کو بن قاسم میں چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا پولیس نے علاقہ مکینوں کی مدد سے ملزم کو گرفتارکرلیا جبکہ آلہ قتل تاحال برآمد نہیں ہوسکا ۔تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے اللہ بخش حمایتی گوٹھ میں چھریوں کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار علاقے میں پہنچ گئے اور زخمی کو جناح اسپتال منتقل کیا جہاں بعد ازاں مقتول کی شناخت32سالہ صغیر ولد غلام شبیر کے نام سے ہوئ، ایس ایچ او ادریس بنگش کے مطابق واقعے کی اطلاع علاقہ مکینوں نے مددگارون فائیو پولیس کو دی تھی پولیس جب جائے وقوع پر پہنچی تو ملزم باتھ روم میں چھپا ہوا تھا جس کو گرفتارکرکے تھانے منتقل کیا گیا ، ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم مظفر عاشق مقتول کا رشتے ہے جس نے اپنے ابتدائی بیان میں بتایاکہ میری مقتول سے ذاتی دشمنی تھی وہ مجھے باہر ملک سے بیٹھ کر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا اس حوالےسے مقتول صغیر سے ملنے اسکے گھر گیا تو بات چیت کے دوران جھگڑا ہوگیا جھگڑے میں تیز دھار آلہ کے وار کرکے اس کو زخمی کردیا ،پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران مقتول کی اہلیہ نے شور شرابا کرکے علاقہ مکینوں کو جمع کرلیا جس کی وجہ سے ملزم فرار ہونے میں ناکام رہا ،تاہم پولیس کو آلہ قتل نہیں مل سکا جس کی تلاش کا عمل جاری ہے ، ایس ایچ او کے مطابق واقعے کی تفتیش کا عمل جاری ہے۔مقتول صغیراومان سے چھٹیوں پر بچوں سے ملنے آیا تھا،پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔