سعودی عرب:دمام ایئرپورٹ پر حملہ، ایک شخص ہلاک، 8زخمی

واقعے کے بعد سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے

October 22, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب:دمام ایئرپورٹ پر حملہ، ایک شخص جاں بحق، 8زخمی

سعودی عرب:دمام ایئرپورٹ پر حملہ، ایک شخص جاں بحق، 8زخمی

ریاض: سعودی عرب کے مشرقی شہر دمام میں واقع کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک غیر ملکی شہری ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سعودی عرب کے مشرقی علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ خطے میں ممکنہ مزید حملوں کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق بدھ کی شام ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی حالت اور چوٹوں کی نوعیت مختلف بتائی گئی ہے، تاہم حکام نے حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون یا اس کے ممکنہ ماخذ کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔

دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران تیل کی پیداوار کے لیے اہم مشرقی علاقے میں پانچ ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔

سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق شیبہ آئل فیلڈ کو نشانہ بنانے والے ایک ڈرون کو روکنے کی کارروائی کے دوران گرنے والے ملبے سے دو غیر ملکی شہری ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک فلپائنی اور ایک نیپالی شہری شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک پاکستانی اور ایک بھارتی شہری شامل ہیں۔

امریکا کی جانب سے بھی سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اقدامات کیے گئے ہیں۔ امریکی وزارتِ خارجہ نے ریاض میں اپنے سفارت خانے کے غیر ضروری عملے اور ان کے اہلِ خانہ کو سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات، اردن، قطر اور بحرین میں تعینات امریکی سفارتی عملے کے اہلِ خانہ کو بھی ان ممالک سے روانہ ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور یمن کے حوثیوں کے ساتھ ممکنہ تصادم کے خدشات کو ان اقدامات کی وجہ قرار دیا ہے۔ ریاض میں امریکی سفارت خانے نے سعودی عرب پر مزید حوثی حملوں کے امکان کے حوالے سے سکیورٹی انتباہ بھی جاری کیا ہے۔