کیف پر روسی میزائل حملہ، 6 افراد زخمی

متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

October 22, 2026 · بام دنیا
کیف پر روسی میزائل حملہ، 6 افراد زخمی

کیف پر روسی میزائل حملہ، 6 افراد زخمی

کیف: یوکرین اور روس کے درمیان جنگ بندی کی سفارتی کوششوں کے دوران یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی میزائل حملے میں 6 افراد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ بدھ کی شب اس وقت ہوا جب روس کی جانب سے امریکا کے ساتھ امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی کے اشارے سامنے آئے تھے۔ کیف کے میئر وٹالی کلیچکو نے حملے اور جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطے کر رہے ہیں۔ وٹکوف نے گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے سینٹ پیٹرزبرگ میں ملاقات کی تھی، جبکہ اس سے ایک روز قبل یوکرینی قیادت سے بھی بات چیت کی تھی۔

روس، یوکرین اور امریکا کے درمیان سہ فریقی مذاکرات فروری میں معطل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد دونوں جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ یوکرین کو فضائی دفاع کے لیے مغربی ممالک سے مزید ہتھیاروں کی ضرورت کا سامنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو کہا کہ وہ جنگ ختم کرانے کے لیے پیوٹن سے رابطے میں ہیں اور ان کے خیال میں فریقین امن معاہدے کے پہلے سے زیادہ قریب ہیں۔

تاہم کیف پر تازہ حملے نے جنگ بندی کے امکانات اور جاری سفارتی کوششوں کے حوالے سے نئے سوالات پیدا کردیے ہیں۔ ٹرمپ اس سے قبل بھی جنگ کے خاتمے کے لیے امید ظاہر کرچکے ہیں، تاہم روس اور یوکرین کے درمیان لڑائی تاحال جاری ہے۔