پشاور(امت نیوز)نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے نگران وزیراعلیٰ اعظم خان سے حلف لیا۔ اس موقع پر اہم سیاسی شخصیات اور دیگر بھی موجود تھے
گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی جانب سے وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام کی منظوری آج بروز ہفتہ 21 جنوری کو دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی جانب سے گزشتہ روز 20 جنوری بروز جمعہ گورنر کے پی کو نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا تھا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات گزشتہ روز پشاور میں ہوئی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی کا کہنا تھا کہ دو، تین نام ان کے تھے، دو نام ہمارے پاس تھے، ہم نے مشورہ کیا کہ عوام کو مزید مشکلات میں نہیں ڈالیں گے، تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن اور وزیراعلیٰ نے بیٹھ کراہم فیصلہ کیا۔
نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے نامزد اعظم خان چیف سیکریٹری سمیت دیگر اہم عہدوں پر رہ چکے ہیں، وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہے، اعظم خان پیٹرولیم اور مذہبی امور کی وزارتوں کے وفاقی سیکریٹری بھی رہے۔
سابق بیوروکریٹ اور خیبرپختونخوا میں چیف سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دینے والے اعظم خان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ سے ہے۔