لاہور : وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار چھن جانے پرپاگل ہوچکا ہے، وہ سیاسی دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گرد ہے۔
میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ عمران خان الزامات کا جواب دینے کی بجائے جلاؤ گھیراؤ کر رہے ہیں۔ ان کے پاس چوریوں کا جواب نہیں اس لیے پورا ملک جلا رہے ہیں۔
وزیراطلاعت کا کہنا تھا کہ یہ شخص 4 سال ملک پر مسلط رہا اور سیاسی دہشتگرد بن گیا، اس نے سیاسی مخالفین کو جیلوں اور سزائے موت کی چکیوں میں ڈالا، معیشت تباہ ہوگئی، عوام بے روزگار ہوئے ، لوگوں کے منہ سے روٹی چھینی گئی، اس نے کرپشن کے خلاف نعرہ لگایا جو غلط ثابت ہوا۔
ن لیگی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت دن رات عمران خان کا گند صاف کر رہی ہے، انہوں نے کرپشن کے خلاف نعرہ لگایا جو غلط تھا, معیشت کو تباہ اور عوام کو گمراہ کیا۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے بیمار ہوں اس لیے عدالت پیش نہیں ہو سکتا، قتل کیے جانے کا بہانہ بھی کرتے رہے مگر کل کیا ہوا، ایک شخص ہتھیاروں اور جتھوں سے لیس اسلام آباد پہنچا، ہم کہتے رہے یہ شخص ریاستی رٹ پر حملہ آور ہو گا، جو حکومت کہہ رہی تھی کل وہ سب کچھ عوام نے دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس معاشرے کی حفاظت کیلیے ہوتی ہے، عمران خان کی پیشی کے موقع پر دہشت گرد پولیس پر غلیلوں اورپتھروں سے حملے کرتے رہے، ان کے گھر سے اسلحہ اور دہشت گرد برآمد ہوئے،چاہتے تو عمران خان کو گرفتار کر سکتے تھے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی سیاسی تنظیم ہے یا جماعت ہے، پولیس عدالتی وارنٹ پرعمل کروارہی تھی، تو اس پر حملہ کردیا گیا، یاسمین راشد کہہ رہی تھیں کہ پیٹرول خریدو، عمران خان ریاست کی رٹ کو ٹکڑے ٹکڑے کررہا ہے، ملک کو تقسیم کررہا ہے، لیکن پھر بھی لاڈلے کو رعایت دی جارہی ہے۔