کم آمدن والے پٹرولیم صارفین کیلئے بڑی خبر آگئی

لاہور ( اُمت نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کم آمدن والے پٹرولیم صارفین کیلئے پٹرولیم ریلیف پیکیج پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کم آمدن افراد تک پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کم آمدن غریب عوام کیلئے 50 روپے فی لٹر تک پٹرولیم ریلیف پیکیج میں موٹر سائیکل، رکشہ کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیوں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پٹرولیم سبسڈی کیلئے 50 روپے فی لٹر تک کی رقم مختص کی جائے، پٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے، پٹرولیم سبسڈی پر موثر عمل درآمد کیلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔
وزیراعظم نے مزید کہا موٹر سائیکل رکشہ اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن عوام کی سواری ہیں اس کے لئے پٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی، حکومت شدید معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کیلئے کوشاں ہے۔