انقرہ: ترکی کی گیرسن یونیورسٹی میڈیکل کالج کے شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر کاغان گولن نے خبردار کیا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار کے فوراً بعد سگریٹ نوشی دل کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا دیتی ہے جو موت کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ماہرین نے کہا کہ جو لوگ افطارکے فوری بعد سگریٹ پیتے ہیں انہیں جسمانی جھٹکوں، ہاتھ ، پائوں میں کپکپاہٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے علاوہ چکر بھی آتے ہیں۔ اس لیے کہ طویل وقفے کے بعد سگریٹ پینے سے جسم کا تمام مدافعتی نظام درہم برہم ہوتا ہے جبکہ تھوڑے وقفے سے سگریٹ پینے پر ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان میں سگریٹ نوشی سے خون کی شریانوں کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جو باقی سال بھر پہنچے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بعض طبی تحقیقوں سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان میں دل سے متعلق امراض کے سبب اموات میں اضافہ ہوجاتا ہے اور اسی سلسلے میں سگریٹ نوشی بھی اچانک موت کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ رمضان کے مہینے سے فائدہ اٹھا کر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا آغاز کیا جانا چاہیے ۔