لاہور(امت نیوز) سابق وزیراعظم اور وائس چیئرمین پیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی مذاکرات کی حامی،کسی کو مائنس کرنے کے حق میں نہیں۔
بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری سےملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مزید کئی لوگ رابطے میں ہیں انکا بیک گراؤنڈ دیکھ کر شمولیت کا فیصلہ کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ بجٹ کے بعد اسمبلیوں کی تحلیل پر اتفاق ہوگیا تھا لیکن وہ پھر چودہ مئی کے الیکشن پر بضد ہو گئے۔ فوجی املاک پر حملہ ملک پر حملے کے مترادف ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کو مائنس کرنے کے حق میں نہیں ، مذاکرات کی حامی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم ہونے چاہئیں۔
یوسف رضا گیلانی کاکہنا تھا پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے، سی ای سی میٹنگ اور اتحادیوں سے مل کر باہمی مشاورت سے فیصلہ کرینگے۔