میامی(اُمت نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خفیہ دستاویزات کے غلط استعمال سمیت 37 الزامات میں پولیس نے حراست میں لے کر عدالت میں پیش کیا تھا جہاں انہوں نے تمام الزامات کو مسترد کیا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق پولیس نے معمول کی کارروائی کرتے ہوئے ٹرمپ کو میامی کی عدالت پیش کیا جہاں انہیں 37 الزامات کا سامنا تھا۔ اُن کے الیکٹرانک فنگر پرنٹس بھی لیے گئے۔ اس کے علاوہ ٹرمپ کے معاون اور مدعی والٹ نوٹا کو بھی حراست میں لیا۔
ٹرمپ کے وکیل ٹاڈ بلانچ کا کہنا تھا کہ ہم آئیندہ درخواست داخل کریں گے جس میں سماعت سے قبل رہائی کی شرائط اور ٹرمپ کے طرزعمل سے متعلق ان پر لگی پابندیوں سے متعلق بات چیت ہوگی۔
ٹرمپ کو 37 سنگین مقدمات کا سامنا تھا جس میں ایک الزام یہ ہے انہوں نے قومی دفاعی معلومات کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا اور انہوں نے محکمہ انصاف کے مواد کی تحقیقات میں گواہوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی جو کہ غیرقانونی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی محکمہ انصاف کے خفیہ دستاویزات سے متعلق الزامات کی روشنی میں 2024 کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ہار کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔