بائپر جوائے پر بھارتی خاتون صحافی کی دلچسپ رپورٹنگ

ممبئی(نیٹ نیوز)بحیرہ عرب میں بننے والے خطرناک سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ پر اگرچہ پاکستان میں بھی یوٹیوبر اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹرز توجہ حاصل کرنے کی خاطر بے معنی ویڈیوز بناتے دکھائی دیتے ہیں تاہم بھارتی ٹی وی چینل ’ریپبلک ہندی‘ کی خاتون اینکر نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ریپبلک ہندی کی خاتون اینکر شویتا نے ریاست گجرات سے سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ سے متعلق رپورٹ دی، جس پر ٹی وی چینل نے بیک گراؤنڈ میں خطرناک سمندری طوفان کی ویڈیوز بھی چلائیں جبکہ خاتون رپورٹر کو بھی ہوا میں جھولتے ہوئے دکھایا۔بظاہر خاتون اینکر نے اسٹوڈیو میں سے ہی طوفان سے متعلق رپورٹ دی، تاہم بیک گراؤنڈ میں سمندری طوفان کی تباہی دکھائی گئی جس سے دیکھنے والوں کو ایسا لگا کہ رپورٹر شاید باہر سے رپورٹنگ کر رہی ہیں۔

ویڈیو میں خاتون بتاتی سنائی دیتی ہیں کہ رپورٹنگ کے لیے گجرات کے علاقے دوارکا میں پہنچ چکی جہاں تیز سمندری ہوائیں چل رہی ہیں،خاتون کے ہاتھ میں چھتری ہے اور وہ تیز ہوا میں نہ صرف جھول رہی ہیں بلکہ وہ درست انداز میں بات بھی نہیں کر پاتیں۔ویڈیو کو بھارتی صحافی اور فیکٹ چیکر محمد زبیر نے شیئر کیا ۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ بھارتی ٹی وی چینل کی ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میں استعمال کی جانے والی طوفان کی ویڈیوز اور تصاویر ’بائپر جوائے‘ کی نہیں بلکہ امریکا میں آنے والے طوفان ’ہریکین‘ کی ہیں۔

ویڈیو کو شیئر کیے جانے کے بعد اسے ہزاروں افراد نے ری ٹویٹ کیا اور اس پر طرح طرح کے تبصرے کیے اور ٹی وی چینل انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیا ۔زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ٹی وی چینل سنگین طوفان کو مذاق سمجھ کر اس کی مزاحیہ انداز میں رپورٹ پیش کرکے لوگوں کی مشکلات بڑھا رہا ہے۔خاتون رپورٹر کی ویڈیو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی وائرل ہوگئی۔اداکار احسن خان نے لکھا سوشل میڈیا پر آج سب سے مزیدار چیز دیکھی۔