بھارت : نماز پڑھنے پرمسلمان شہری پہ مقدمہ درج، پولیس نے گرفتارکرلیا

نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت میں مسلمان شہری کو نماز پڑھنا مہنگا پڑ گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے باقاعدہ گرفتار کر لیا۔ واقعات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد کے کوچنگ سینٹر فیوچر ٹریک کے ڈائریکٹر مولوی شوکت علی کو نماز کی ادائیگی کرنے پہ گرفتار کر لیا گیا۔

مولوی شوکت علی کو غازی آباد کے علاقے دیپک وہار سے پولیس نے گرفتار کیا جب کہ درج ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ جب پولیس موقع پر پہنچی تو وہ فیوچر ٹریک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں نماز پڑھ رہے تھے۔پولیس نے مولوی شوکت علی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 153 اے اور 505 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور اس حوالے سے کہا ہے کہ اسے ہندو کمیونٹی کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی۔

علاقہ ایس ایچ او کے مطابق مولوی شوکت علی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے اندر مدرسہ چلا رہے تھے جس میں نمازیں پڑھی جاتی تھیں۔مقامی ویب سائٹ مکتوب میڈیا کے مطابق صورتحال کی بات گفتگو کرتے ہوئے مقامی رہائشی جو کہ ایک اور کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے مالک ہیں نے کہا شوکت علی ایک عزت دار انسان ہیں اور ماضی میں مسجد کے امام بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا شوکت علی کوچنگ انسٹی ٹیوٹ نہیں چلاتے، وہ مدرسہ چلاتے ہیں جہاں جدید تعلیم بھی دی جاتی ہے، باجماعت نمازوں کے پڑھنے پر گرفتاری نہیں ہونی چاہیے۔