نئی دہلی: مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آئندہ سال عام انتخابات جیتنے کے لیے پلوامہ جیسا ایک اور فالس فلیگ آپریشن کر سکتی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ستیہ پال ملک نے ایک انٹرویو میں، جسے محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر شیئر کیاہے کہاہے کہ انہیں ڈر ہے کہ مودی حکومت اپنی مقبولیت میں تیزی سے کمی کے پیش نظر ملک میں آئندہ سال ہونیوالے انتخابات میں کامیابی کیلئے پلوامہ جیسا ایک اور فالس فلیگ آپریشن رچاسکتی ہے، یہ ناخوشگوار واقعہ رام مندر پر حملہ اورکسی بی جے پی لیڈر کو مارنے کی سازش بھی ہو سکتا ہے، مودی حکومت اگر پلوامہ حملہ کر سکتی ہے تو وہ کچھ بھی کر سکتی ہے۔
انہوں نے بی جے پی حکومت پر زوردیا کہ وہ فوری طورپر اقتدار سے الگ ہو جائے ورنہ شکست اس کا مقدر ہے ۔ستیہ پال ملک کے دعوے پر تبصرہ کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ 2024کے انتخابات میں بی جے پی کی شکست اور فالس فلیگ آپریشن کے بارے میں ستیہ پال ملک کے حالیہ دعوے سچ ثابت ہو رہے ہیں، بی جے پی پارٹی کا اصل ایجنڈا ’’ سب کا وناش‘‘ ہے۔