بھارت:ہندو لڑکی سے شادی کرنیوالے مسلمان کے والدین بے دردی سے قتل

سیتا پور :  بھارت میں ایک مسلم نوجوان نے ہندو لڑکی سے شادی کرلی اور جان سے مارے جانے کے خوف سے نوبیاہتا جوڑا فرار ہوگیا جس پر لڑکے کے ضعیف والدین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بزرگ مسلم جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ ریاست اترپردیش کے علاقے سیتاپور میں پیش آیا۔ مقتول مسلم جوڑے کا بیٹا شوکت عباس پڑوس میں رہنے والی ہندو لڑکی روبی سے محبت کرتا تھا اور وہ بھی شوکت سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن والدین اور برادری کے خوف سے پریشان تھی۔ شوکت عباس نے لڑکی سے نکاح کیا اور دونوں گھر چھوڑ کر چلے گئے جس پر روبی کے والدین طیش میں آگئے اور شوکت کے گھر پر دھاوا بول دیا۔

لڑکی والدین نے شوکت کے بزرگ والدین کو ڈنڈوں، سلاخوں اور لاٹھیوں سے بیدردی سے مارا۔ زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے شوکت کے والدین کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے روبی کے والدین اور بھائی کو حراست میں لے لیا جب کہ 2 ملزمان فرار ہوگئے۔