بلنکن نے کشمیر اور فلسطین کو جوڑ دیا

امریکہ(اُمت نیوز)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کے خلاف حماس کے دہشت گردانہ حملوں اور ممبئی حملے میں ملوث پاکستانی کلعدم تنظیم لشکر طیبہ کو ایک جیسا قرار دے دیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی تمام کارروائیاں غیر قانونی اور بلاجواز ہیں اور سلامتی کونسل کو رکن ممالک کی مذمت کرنی چاہیے، جو دہشت گرد گروپوں کو اسلحہ، فنڈ اور تربیت فراہم کرتے ہیں۔

بلنکن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ اس کونسل کا کوئی رکن، اس پورے ادارے میں کوئی بھی قوم اپنے لوگوں کے قتل عام کو برداشت نہیں کر سکتی اور نہ ہی برداشت کرے گی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ رکن ممالک کی مذمت کرے، جو حماس یا کسی دوسرے دہشت گرد گروہ کو اسلحہ، فنڈ اور تربیت دیتے ہیں، جو ایسی خوفناک کارروائیاں کرتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کرتے ہوئے جن 1400 سے زائد افراد کو ہلاک کیا، ان میں اقوام متحدہ کے 30 سے ​​زائد رکن ممالک کے شہری بھی شامل تھے۔