ہالینڈ کے چار کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے، فائل فوٹو
ہالینڈ کے چار کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے، فائل فوٹو

ورلڈ کپ، افغانستان کو جیت کیلیے 180 رنز کا ہدف

آئی سی سی ورلڈکپ کے 34ویں میچ میں نیدرلینڈز نے افغانستان کو جیت کیلیے 180 رنز کا ہدف دیدیا۔

افغان بولرز کے سامنے نیدرلینڈز کی ٹیم جم کرنہ کھیل سکی، 47 ویں اوور میں 179 رنز پرآل آؤٹ ہوگئی۔

لکھنؤ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 46.2 اوورز میں 179 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، اوپنر ویزلی بیریسی ایک رن بناکر پویلین لوٹے جبکہ میکس او ڈاؤڈ 42، کولن ایکرمین 29، کپتان اسکاٹ ایڈورڈز صفر، باس ڈی لیڈز اور ثاقب ذولفقار 3، 3، لوگن وین بیک 2 اور روئیلوف وین ڈیر مروے 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سائبرینڈ اینجلبرچٹ سب سے زیادہ 58 رنز بناکر نمایاں رہے ،ہالینڈ کے چار کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 3، نور احمد نے 2 جبکہ مجیب الرحمن ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں نیدرلیںڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھیں۔

اس موقع پر افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ کوشش ہوگی فتح سمیٹیں اور چیمپئینز ٹرافی کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں۔

دوسری جانب دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے، افغان ٹیم نے نوین الحق کی جگہ رحمت شاہ کو شامل کیا۔