احمد آباد: آئی سی سی ورلڈکپ کے 42 ویں میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقا کو جیت کیلیے 245رنز کا ہدف دیدیا، افغانستان کی پوری ٹیم مقررہ اوور میں244رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔
نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اوپنر ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں پھر ناکام رہے، رحمان اللہ گرباز 25 جبکہ ابراہیم زادران 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان حشمت اللہ شاہدی محض 2 بناکر پویلین لوٹ گئے۔ رحمت شاہ26رنز بنا کرآئوٹ ہوئے۔
ابراہیم علی خیل 12، راشد خان 16 اور نور احمد26، مجیب الرحمن8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،عظمت اللہ عمرزئی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے97 رنز بنا کرناٹ آئوٹ رہے، نوین الحق 2 رنزبنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جیرالڈ کوئٹزی نے4، کیشو مہاراج اور لنگی نگیڈی نے 2،2 جبکہ فیہلوکوایو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں افغان ٹیم کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی اچھا ٹارگٹ سیٹ کرکے میچ میں کامیابی سمیٹیں۔
اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ٹمبا باؤما نے کہا کہ لیگ راؤنڈ کے آخری میچ میں کامیابی سیمٹ کر سیمی فائنل میں پراعتماد آغاز کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، مارکو جانسن اور تبریز شمسی کو آرام دیا گیا ہے جبکہ جیرالڈ کوئٹزی اور فیہلوکوایو کو ہلئینگ الیون میں موقع دیا گیا ہے۔