سرفراز احمد بگٹی کا سعودی سفیر نواف المالکی کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد(اُمت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کا سعودی سفیر نواف المالکی کے اعزاز میں عشائیہ،ملاقات میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا، اس موقع پر فلسطین کی موجودہ صورت حال پر بھی گفتگوہوئی، سرفراز بگٹی نے کہاکہ اسرائیلی افواج فلسطین میں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہیں۔
عشائیہ میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل پر بھی بات چیت ہوئی، وزیر داخلہ نے کہاکہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی بڑی تعداد دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اورمحبت رکھتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔