کراچی: عام انتخابات 2024 کے بزرگ ترین امیدوار پیپلزپارٹی کےرہنما سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ہیں جوصوبائی حلقہ پی ایس 26 خیرپور سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر امیدوار ہیں۔ قائم علی شاہ پیپلز پارٹی کے بانی رہنماؤں میں سے ہیں ۔ان کی تاریخ پیدائش 13 ستمبر 1928ء ہے(بعض جگہ 13 ستمبر 1933ء درج ہے)۔ قائم علی شاہ نے فوجی صدر جنرل ایوب کے دور میں 1959ء کی بنیادی جمہوریت (بلدیاتی ممبر) کے الیکشن سے انتخابی سیاست شروع کی اور 1985ء کے غیر جماعتی انتخابات کے سوا اب تک ہر انتخاب میں حصہ لیا اور بیشتر میں کامیاب رہے۔ 1970ء کی آئین ساز و قانون ساز اسمبلی کے ممبر بننے کے بعد 1973 کی آئین ساز کمیٹی کے ممبر بھی بنے اور غالباً اس کمیٹی کے واحد حیات ممبر ہیں۔تین مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوئے اور امور کشمیر و گلگت بلتستان کے پہلے وفاقی وزیر بھی یہی ہیں۔ قائم علی شاہ 1960ء میں ڈسٹرکٹ کونسل خیر پور کے منتخب چئیرمین، 1970ء میں رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر، 1988ء میں رکن سندھ اسمبلی اور وزیر اعلی سندھ ، 1990ء ممبر سندھ اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر، 1997ء میں سینیٹر، 2002ء سے 2018ء ممبر سندھ اسمبلی اور اس دوران 2002ء سے 2007ء تک اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر، 2008ء سے 2016ء تک وزیر اعلیٰ سندھ اور 2018ء تک ممبر سندھ اسمبلی، جبکہ مجموعی طور تین مختلف ادوار میں تقریباً 26 سال تک پیپلز پارٹی سندھ کے صدر رہے ہیں۔قائم علی شاہ کے مقابلے میں ان کی بھتیجی حنا شاہ جیلانی نے 2024 کے عام انتخابات میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے دستبرداری اختیارکرلی ۔