ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت عالم عرف بالا عرف کالا ولد محبوب عالم کے نام سے کی گئی، فائل فوٹو
ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت عالم عرف بالا عرف کالا ولد محبوب عالم کے نام سے کی گئی، فائل فوٹو

کراچی، ٹینکر ڈرائیور نے ڈکیتوں کو واردات کے دوران کچل دیا

کراچی: اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں شہری سے موٹر سائیکل چھینے والے ڈکیتوں پر نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے ٹینکر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار بیت النور مسجد کے قریب شہری سے موٹر سائیکل چھیننے والے ڈکیتوں پر نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے ٹینکر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع پر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک ہونے والے ڈکیت کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی۔

ایس ایچ او پاکستان بازار نفیس الرحمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈکیت کی شناخت عالم عرف بالا عرف کالا ولد محبوب عالم کے نام سے کی گئی ہے، ہلاک ڈکیت کے قبضے سے اسلحہ اور 4 گولیوں بھی ملی ہیں۔

ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ ہلاک ڈکیت اور اس کا ساتھی گلشن بہار بیت النور مسجد کے قریب رئیس امروہی کالونی کے رہائشی محمد سلیمان سے موٹر سائیکل چھین رہے تھے جس پر نوجوان کی جانب سے مزاحمت کی جا رہی تھی، اسی دوران اونچائی سے آنے والے نامعلوم ٹینکر ڈرائیور نے واردات دیکھتے ہوئے ڈکیتوں پر ٹینکر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں ایک ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔