سعودی عرب نے اسرائیل سے ملاقات کی تردید کردی

سعودی عرب(اُمت نیوز)سعودی عرب کی جانب سے اس بات کی تردید کی گئی ہے کہ اس کے وزیروزیر تجارت اور اسرائیلی ہم منصب کے درمیان پیر کے روز ملاقات ہوئی تھی۔

ابوظہبی میں ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) کی کانفرنس کے موقع پر سعودی وزیرتجارت اور اسرائیلی ہم منصب کی مبینہ بات چیت کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے سرکاری سعودی ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القصبی نائجیریا کے ہم منصب کے ساتھ کھڑے تھے جب ایک نامعلوم شخص نے وزیر کو مبارکباد پیش کرنے کے لیے رابطہ کیا۔

ایس پی اے نے سرکاری سعودی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے بعد میں خود کو اسرائیلی حکومت میں وزیر اقتصادیات کے طور پر متعارف کروایا۔

اسرائیل کے وزیر اقتصادیات اور صنعت نیر برکت نے پیر کے روز ہونے والی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا تھا کہ دونوں ممالک مل کر تاریخ رقم کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے وزرائے تجارت پیر کے روز ڈبلیو ٹی او کے چار روزہ اجلاس کے لیے جمع ہوئے جس کا مقصد نئے عالمی تجارت کے قوانین طے کرنا ہے۔