ورلڈکپ سے امریکا میں کرکٹ کو دوبارہ مقبولیت ملے گی، امریکی قونصل جنرل

کراچی (اُمت نیوز)کراچی میں امریکی قونصل جنرل کونراڈ ٹریبل کا کہنا ہے کہ امریکا میں پہلی بار کرکٹ ورلڈکپ کے انعقاد پر کافی پرجوش ہیں، ورلڈ کپ کے انعقاد سے امریکا میں ایک ایسے کھیل کو دوبارہ مقبولیت ملے گی جو پہلے جنوبی ایشیائی کمیونٹی تک محدود تھا۔

نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کھیل عوام کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں، امید ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں پہلی بار اس بڑے پیمانے کا ایونٹ ہورہا ہے جس پر وہ پُرجوش ہیں، یہ امریکا کے لیے ایک زبردست موقع ہے کہ وہ اپنے ملک میں کرکٹ دیکھے اور پاکستان سمیت پوری دنیا کو امریکا دکھائے، اس سے امریکا میں کرکٹ کو فروغ حاصل ہوگا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسپورٹس میں عوام کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی طاقت ہے، یہ عوامی روابط بنانے کا سب سے بہترین اور سب سے آسان ذریعہ ہیں کیوں کہ ہر کوئی اسپورٹس سے محبت کرتا ہے۔

کونراڈ ٹریبل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا 9 جون کو ہونے والا میچ بلاشبہ سب کی توجہ کا مرکز ہوگا لیکن ان کی نظریں اس سے تین روز قبل ہونے والے پاکستان اور امریکا کے میچ پر ہے۔

پاک بھارت میچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ میچ کسی بھی کرکٹ فین کے لیے سب سے اہم میچ ہوگا، اس پر ہر کسی کی نظر ہوگی، ایسے مقابلے ہی اسپورٹس کے لیے اہم ہوتے ہیں جس میں لوگوں کو جوش ملے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کو یہ علم نہیں لیکن ایک وقت ایسا تھا جب کرکٹ امریکا میں کافی مقبول تھا، یہاں تک کہ جارج واشنگٹن نے بھی کرکٹ کھیلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جارج واشنگٹن نے وکٹس کا کھیل کھیلا جو درحقیقت کرکٹ تھا، کرکٹ ابتدائی 100 برس تک امریکا میں کافی مقبول رہا پھر اس کی جگہ بیس بال نے لے لی، امید ہے ورلڈ کپ کے انعقاد سے امریکا میں کرکٹ مقبول ہوگی۔

ایک سوال پر امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں رہتے ہوئے انہیں کرکٹ سے کافی دلچسپی ہوگئی ہے، وہ گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ کے میچز دیکھنے گئے تھے اور ان میچز کو خوب انجوائے کیا۔

کونراڈ ٹریبل کا کہنا تھا کہ انہیں مجموعی طور پر پاکستان سے اچھے کھیل کی امید ہے، امریکی ٹیم پہلا میچ پاکستان سے کھیل رہی ہے جو اس کے لیے ٹف میچ ہوگا، ٹورنامنٹ میں پاکستان کو ہرانا آسان نہیں ہوگا۔

امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ امریکا کے لیے کوئی خصوصی ویزے نہیں لیکن امریکی قونصلیٹ کی جانب سے لوگوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ وہ امریکا سفر کے لیے تیاری کرسکیں۔