ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کی پاکستان کیخلاف 89 رنز پر چار وکٹیں گر گئیں

نیویارک(اُمت نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں بھارت کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کیخلاف بھارت کی 89 رنز پر 4 وکٹیں گرگئیں۔

بھارت کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب ویرات کوہلی نسیم شاہ کی گیند پر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر روہت شرما بھی شاہین آفریدی کی گیند پر 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 58 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب اکشر پٹیل 20 رنز بنانے کا بعد نسیم شاہ کا شکار بنے، 89 کے مجموعی اسکور پر سوریا کمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی اننگز کا آغاز ویرات کوہلی اور روہت شرما نے کیا جبکہ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے پہلا اوور کرایا۔

بارش کے باعث پہلا اوور مکمل ہوتے ہی میچ روک دیا گیا تھا جو 9 بجے دوبارہ شروع ہوا، میچ روکے جانے سے قبل بھارت نے ایک اوور میں بغیر کسی نقصان کے 8 رنز بنالیے تھے۔

قبل ازیں بارش کے باعث میچ مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار ہوکر 7:30 کے بجائے 8:20 پر شروع ہوا، میچ کا ٹاس بھی بارش کی وجہ سے مقررہ وقت 7:00 بجے سے آدھا گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف میچ میں پاکستان ٹیم میں اعظم خان کی جگہ عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ میں بہترین پرفارم کرنےکی کوشش کریں گے، ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے، بھارت کے خلاف میچ کے لیے بہت حوصلہ ملتا ہے۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بولرز دفاع کر سکیں، یہاں دو تین میچز کھیل چکے ہیں، اندازہ ہے یہاں کتنا اسکور ہونا چاہیے۔

اسکواڈ:

بھارت: روہت شرما (کپتان)، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، محمد عامر