5 رکنی لارجر بینچ نظرثانی اپیل پر سماعت پیر کو ساڑھے 11 بجے کرے گا،فائل فوٹو
5 رکنی لارجر بینچ نظرثانی اپیل پر سماعت پیر کو ساڑھے 11 بجے کرے گا،فائل فوٹو

آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد: آرٹیکل 63 اے نظرثانی کیس سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ 30 ستمبر کو سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ میں آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے پر نظرثانی اپیلوں پر سماعت 30 ستمبر بروز پیر کو ہوگی، اس حوالے سے عدالت عظمیٰ نے کاز لسٹ جاری کردی۔

سپریم کورٹ کی جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نظرثانی اپیل پر سماعت پیر کو ساڑھے 11 بجے کرے گا۔

جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل 5 رکنی بینچ میں شامل ہیں۔

سپریم کورٹ نے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے فیصلے پر نظرثانی اپیلوں کو 23 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا تھا۔

یاد رہے کہ 17 مئی 2022 کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلے میں کہا تھا کہ منحرف رکن اسمبلی کا پارٹی پالیسی کے برخلاف دیا گیا ووٹ شمار نہیں ہوگا جبکہ تاحیات نااہلی یا نااہلی کی مدت کا تعین پارلیمان کرے۔

اس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کی تھی اور فیصلہ 2 کے مقابلے میں 3 کی برتری سے سنایا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔