خرطوم: سوڈان میں طیارے اور رکشے کے درمیان تصادم میں چار افراد ہلاک، 12 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈانی ریاست القضارف میں ایک کچے رن وے پر موجود طیارہ وہاں پر موجود رکشے سے ٹکرا گیا، واقعے پر مقامی باشندوں میں حیرت اور خوف کی لہر دوڑ گئ۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ST-CPJ اسپرے کرنے والاطیارہ تل کی کٹائی کرنے والے کارکنوں کو لے جانے والے رکشے سے ٹکرا گیا،حادثے کے وقت طیارہ الفشقہ الکبریٰ کے علاقے میں مٹی کے رن وے پر اتر رہا تھا،تصادم کے نتیجے میں رکشے میں سوار 4افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے جن میں سے ایک کوعلاج کے لیے کسلا ہسپتال منتقل کیا گیا ،طیارے کا یوکرینی پائلٹ، اس کا معاون اور رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔
ریاست القضارف میں پیداوار اور اقتصادی وسائل کی وزارت کے ڈائریکٹر جنرل عمار عبداللہ نے وضاحت کی کہ طیارہ پرندوں سے نمٹنے کے مشن پر تھا، جیسے ہی یہ لینڈنگ کے قریب پہنچا تو پائلٹ کو رن وے پرایک رکشہ دکھائی دیا، یہ سب کچھ اچانک ہوا تھا، ایسے لگ رہا تھا کہ رکشہ اچانک زمین کے اندر سے باہر نکل آیا ہے۔
طیارے کے دائیں بازو اور فرنٹ پروپیلر کو شدید نقصان پہنچا ہےجبکہ طیارے کا پورا عملہ بشمول یوکرینی پائلٹ، اس کے سوڈانی انجینئر، انسپکٹر اور رکشہ ڈرائیور محفوظ رہے۔