فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکی فوجی اڈے پر فائرنگ، پانچ فوجی زخمی، حملہ آور گرفتار

واشنگٹن: امریکی ریاست جارجیا میں واقع فورٹ سٹیورٹ کے فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں کم از کم 5 فوجی اہلکار زخمی ہو گئے۔

واقعے کے بعد فوجی اڈے کو لاک ڈاؤن کر دیا گیا اور سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو حراست میں لے لیا۔

فورٹ سٹیورٹ ہنٹر آرمی ایئر فیلڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ اڈے کے سیکینڈ آرمڈ بریگیڈ کامبیٹ ٹیم کے علاقے میں پیش آیا۔ لاک ڈاؤن صبح 11 بج کر 4 منٹ پر نافذ کیا گیا جبکہ حملہ آور کو 11 بج کر 35 منٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق زخمی ہونے والے تمام فوجی اہلکاروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی اور بعد ازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ فوجی اڈے کا کہنا ہے کہ اب اڈے یا آس پاس کے علاقوں کو کسی فعال خطرے کا سامنا نہیں ہے۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور اس مرحلے پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس واقعے پر بریفنگ دی گئی ہے اور وفاقی حکام صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔فائرنگ کے محرکات اور حملہ آور کی شناخت کے بارے میں فی الحال کوئی اطلاع جاری نہیں کی گئی۔