ایران جوہری پروگرام پر پابندیاں ختم،10 سالہ عالمی معاہدہ اختتام پذیر

تہران: ایران نے اعلان کیا ہے کہ اس کے جوہری پروگرام پر عائد تمام پابندیاں ختم ہو گئی ہیں۔ تہران نے امریکا اور دیگر عالمی طاقتوں کے ساتھ 10 سالہ معاہدے کے خاتمے کی باضابطہ تصدیق کر دی۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے مطابق معاہدہ ختم ہونے کے ساتھ ہی ایران کے جوہری پروگرام پر عائد پابندیاں بھی خودبخود ختم ہو گئی ہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ ایران اب بھی سفارت کاری اور مذاکرات کے لیے پُرعزم ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران نے 2015ء میں امریکا، برطانیہ، چین، روس، فرانس اور جرمنی کے ساتھ مشترکہ جامع منصوبۂ عمل (JCPOA) کے تحت یہ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو محدود کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

معاہدے کے بدلے ایران پر عائد بین الاقوامی اقتصادی پابندیاں ختم کی گئی تھیں، تاہم وقت کے ساتھ معاہدے پر اختلافات بڑھتے گئے، خصوصاً 2018ء میں امریکا کی یکطرفہ علیحدگی کے بعد۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے کے باضابطہ خاتمے کے باوجود تہران سفارت کاری کے راستے کھلے رکھنے کے لیے تیار ہے۔