سکھر: احتساب عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف نیب ریفرنس ایف آئی اے عدالت کو منتقل کر دیا ہے۔
احتساب عدالت سکھر میں خورشید شاہ اور اسپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں خورشید شاہ کے بیٹے ایم پی اے فرخ شاہ وکیل محفوظ اعوان کے ہمراہ پیش ہوئے۔
سماعت کے بعد جج غلام یاسین کولاچی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس کو ایف آئی اے عدالت منتقل کرنے کا فیصلہ سنایا۔
گزشتہ سماعت پر نیب نے چھ سال بعد 19 کروڑ روپے سے زائد کا حتمی چالان جمع کرایا تھا۔ نیب نے درخواست دی کہ اثاثوں کی مجموعی مالیت ایک ارب 23 کروڑ سے کم ہونے کی وجہ سے کیس ایف آئی اے کو منتقل کیا جائے، جبکہ خورشید شاہ کے وکیل نے کیس اینٹی کرپشن عدالت کو منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔
واضح رہے کہ نیب ریفرنس میں خورشید شاہ، ان کے بیٹے فرخ شاہ اور بھتیجے زیرک شاہ کے ساتھ اسپیکر سندھ اسمبلی اویس شاہ سمیت 18 افراد نامزد ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos